Friday, April 26, 2024

کورونا از خود نوٹس کیس، سندھ حکومت نے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی

کورونا از خود نوٹس کیس، سندھ حکومت نے رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی
May 3, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) کورونا وائرس از خود نوٹس کیس میں سندھ حکومت نے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی۔ رپورٹ کے مطابق ٹوٹل زکوٰۃ فنڈ کا 23.71 فیصد سندھ کو ملتا ہے، سال 2019-20 میں سندھ کو دو ارب ، چار کروڑ 11 لاکھ 20 ہزار روپے وفاق سے موصول ہوئے اور ایک ارب بیس کروڑ روپے تقسیم کئے گئے۔ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ دینی مدارس، ہیلتھ کیئر، سوشل ویلفیئر اور غریب بچیوں کی شادی کیلئے 203 ملین مختص ہیں۔ تعلیمی معاونت اور عید پیکچ کیلئے 1491 ملین مختص کر رکھے ہیں، فنڈ سے زکواتہ عملے کے 817 افراد کی تنخواہوں پر 185.9 ملین روپے خرچ ہوتے ہیں، 390 صنعتی یونٹس کو ایس او پیز کے مطابق کھولنے کی اجازت دی گئی ہے، طبی عملے سمیت تمام ورکرز کو حفاظتی طبی سامان مہیا کیا جارہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ سندھ میں روزانہ 4170 کرونا وائرس ٹیسٹ کی صلاحیت موجود ہے، کرونا وائرس کے باعث کراچی کی 11 یونین کونسلز میں 62 مریض سامنے آئے جن میں سے چار جاں بحق جبکہ گیارہ صحتیاب ہو چکے ہیں ان تمام یونین کونسلز کو سیل کیا گیا تھا، احساس پروگرام کے تحت 20 لاکھ 97 ہزار دو سو ایک افراد میں سے اب تک 25 ارب 36 کروڑ 21 لاکھ انچاس ہزار روپے تقسیم ہو چکے ہیں۔