Thursday, March 28, 2024

کورونا ابھی ختم ہونے سے دور ہے، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ نے خبردار کر دیا

کورونا ابھی ختم ہونے سے دور ہے، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ نے خبردار کر دیا
April 28, 2020
جینیوا (92 نیوز) ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کورونا ابھی ختم ہونے سے بہت دور ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے سربراہ ٹیڈروس ادھنم نے پریس بریفنگ میں کہا کورونا وائرس ابھی ختم ہونے سے بہت دور ہے۔ عوام کےعلاج معالجے کی باقاعدہ سہولیات میں رکاٹ پر تشویش ہے۔ افریقہ، مشرقی یورپ، لاطینی امریکا اور ایشیائی ممالک میں بڑھتے ہوئے رحجانات پر تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کورونا کی وجہ سے سرحدی پابندیوں سے دوسری بیماریوں کی ویکسین کی 21 ممالک میں کمی ہو گئی ہے۔ ویکسین کی عدم دستیابی سے افریقہ میں ملیریا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ دوسری طرف دنیا بدستور کورونا وائرس کے نرغے میں ہے ، ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ متاثرین تیس لاکھ چونسٹھ ہزار سے بھی بڑھ گئے۔ امریکا میں متاثرین کی تعداد دس لاکھ سے زائد ہے جن میں سے ساڑھے چھپن ہزار سے زائد ہلاک جبکہ ایک لاکھ اڑتیس ہزار سے زائد صحتیاب ہو چکے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر وائرس کے پھیلاؤ کا الزام چین پر عائد کر دیا۔ چوبیس گھنٹوں کے دوران فرانس میں چار سو سنتیس، برطانیہ میں تین سو ساٹھ، اٹلی میں تین سو تنتیس اور اسپین میں تین سو اکتیس ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔ جرمنی میں مزید ایک سو پچاس، بیلجیئم میں ایک سو تیرہ اور ترکی میں پچانوے مریض دم توڑ گئے۔ ایران میں نئے کیسز کی تعداد یومیہ ایک ہزار سے کم ہو گئی۔ چوبیس گھنٹوں میں چھیانوے مریض جاں بحق ہوئے۔ بھارت میں مزید اٹھاون ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں جبکہ ایک روز کے دوران پندرہ سو سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ روس کا ذکر کرتے ہیں جو کورونا متاثرین کے حوالے سے دس بڑے ممالک میں شامل ہوچکا ہے۔ چوبیس گھنٹوں میں سنتالیس افراد ہلاک ہو گئے جبکہ مریضوں کی مجموعی تعداد بھی ستاسی ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔