Saturday, May 11, 2024

کورونا 600 کے قریب زندگیاں نگل گیا، مریض 26 ہزار سے بڑھ گئے

کورونا 600 کے قریب زندگیاں نگل گیا، مریض 26 ہزار سے بڑھ گئے
May 9, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 26 ہزار سے بڑھ گئی، مہلک وائرس اب تک 600 کے قریب زندگیاں نگل چکا۔ پنجاب اور سندھ میں کورونا کے سب سے زیادہ مریض زیر علاج ہیں، اس وقت پنجاب میں مریضوں کی تعداد 10033 ہے، جبکہ سندھ میں 9691 مریض زیر علاج ہیں، خیبرپختونخوا میں 3956 اور بلوچستان میں 1725 افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔ اب تک 7530 افراد کورونا سے صحت یاب ہونے میں کامیاب ہوئے۔ کورونا وائرس فرنٹ لائن پر لڑنے والے طبی عملے کیلئے سب سے زیادہ خطرناک بن چکا ہے، کراچی میں 24 گھنٹے میں مزید 44 ہیلتھ کیئر ورکرز متاثر ہوگئے، وائرس سے متاثرہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی تعداد 712 تک پہنچ گئی ہے، مہلک وائرس سے ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کے 10 افراد جان کی بازی بھی ہار چکے ہیں۔ حفاظتی انتظامات محدود ہونے کی وجہ سے طبی عملہ بھی کام سے کترانے لگا، کراچی میں فیلڈ آئسولیشن سنٹر، ایکسپو سنٹر اور ٹراما سنٹر میں کنٹریکٹ پر تعینات ہونے والی نرسز نے ڈیوٹی پر آنا چھوڑ دیا۔ ادھر عوام کے محافظ بھی کورونا کی زد میں ہیں، کراچی میں اب تک 115 کے قریب افسران اور اہلکار مہلک وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، ترجمان سندھ پولیس کے مطابق کورونا کے خلاف فرائض کی ادائیگی کے دوران دو اہلکاروں نے شہادت پائی۔ ادھر پشاور ہائی کورٹ منگورہ بنچ کے 28 ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ،جس کے بعد  مینگورہ بنچ کو سیل بند کردیا گیا۔ ہائی کورٹ کے 2 ججز کے بھی کورونا ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔