Thursday, April 18, 2024

کورونا 192 ممالک میں پھیل گیا، ہلاکتوں کی تعداد 14ہزار 654 ہو گئی

کورونا 192 ممالک میں پھیل گیا، ہلاکتوں کی تعداد 14ہزار 654 ہو گئی
March 23, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) جان لیوا کورونا وائرس  دنیا کے 192 ممالک میں پھیل گیا ، ہلاکتیں14 ہزار 703 ہوگئیں، متاثرین تین لاکھ 37 ہزار سے بڑھ گئے،  اٹلی میں مزید 655 افراد ہلاک ہو گئے ۔

کورونا وائرس نے ساری دنیاکو اپنے نرغے میں لے رکھا ہے ، آج دن کے آغاز پر موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق  65 افراد کورونا وائرس سے  ہلاک ہو چکے ہیں ۔ صرف امریکا میں 38 افراد ہلاک ہوئے ۔

امریکا میں آج کی تاریخ میں 38 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ،ملک بھر میں اموات کی کل تعدا د 457 ہے ، آج کے دن میں 1355 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعدکل کیسز کی تعداد 34 ہزار 901 ہو گئی ۔

چین میں آج 9 افراد موت کی وادی میں چلے گئے جس کے بعد ملک بھر میں ہلاکتوں کی کل تعداد 3 ہزار 270 ہو گئی۔ آج 39 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 81 ہزار 93 تک جا پہنچی ۔

فلپائن میں آج پھر 8 افراد زندگی کی بازی ہا رگئے ، اب تک 33افراد کورونا وائرس کا شکار ہو کر لقمہ اجل بن چکے ہیں، آج ملک میں  16 افراد میں موذی مرض کی تشخیص  ہوئی ، ٹوٹل 396 افراد وائرس کا شکار بن چکے ہیں ۔

جنوبی کوریا میں بھی 7 زندگیاں کورونا وائرس کی بھینٹ چڑھ گئیں ، ملک میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 111 تک پہنچ چکی ہے جبکہ 64 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد 8 ہزار 961 مریض ہو چکے ہیں۔

بھارت میں آج ایک شخص کورونا وائرس سے ہلاک ہوا ، بھارت میں ہلاکتوں کی کل تعداد 8 ہے جبکہ آج رپورٹ ہونے والے 29 کیسز کے بعد مجموعی تعداد425 ہو گئی ہے ۔ مونٹینگرو میں بھی ایک شخص کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہو گیا۔