Friday, May 17, 2024

کوالالمپور سمٹ معاملہ، ملائیشیا کی ناراضگی کا تاثر ختم

کوالالمپور سمٹ معاملہ، ملائیشیا کی ناراضگی کا تاثر ختم
February 4, 2020
اسلام آباد(روزنامہ 92 نیوز) وزیر اعظم کے ملائشیا سمٹ میں نہ جانے کے فیصلے سے کوئی ملک ناراض نہیں ہوا۔ پاکستان اس وقت واحد اسلامی ملک ہے جو عالم اسلام کے کسی بھی ملک سے بات کر سکتا اور ایک غیر جانبدار تشخص رکھتا ہے ۔ وزیرخارجہ، وزیراعظم اور آرمی چیف نے ترکی، ملائیشیا، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے دورے کئے  ، پاکستان کی خارجہ پالیسی صحیح سمت میں جارہی ہے ۔حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ ہم نئی خارجہ پالیسی اپر وچ پر زور دے رہے ہیں، ہم ہر کسی کے ساتھ امن کے شراکت دار ہیں، پاکستان وہ ملک ہے جو تمام مسلم دنیا کو اکٹھا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہم کشیدگی ختم کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے ۔ ذرائع کے مطابق بہت دفعہ جو نظر آرہا ہوتا ہے ، وہ بہترین نہیں ہوتا اورجذباتی نکتہ نظر ہمارے جواز سے متفق نہیں ہوتا مگر ہمارا فوکس پاکستان کے مفاد پر ہوتا ہے اور عمران خان ایک مدبر ہیں اور وہ درست فیصلے کرینگے ۔عمران خان کا دورہ ملائیشیا ثبوت ہے کہ ہم درست تھے ، اگر ملائیشیا کے ناراض ہونے کی افواہیں درست ہوتیں تو مہاتیر محمد اتنے اہم وفد کے ساتھ وزیراعظم عمران خان کو دورے کی دعوت کیوں دیتے ؟ ۔ وزیرخارجہ کا دورہ ایران، سعودی عرب، امریکہ اور محمد بن زید کا دورہ پاکستان اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم امن کے شراکت دار ہیں اور ہر کسی کے ساتھ قومی مفاد کو آگے بڑھا رہے ہیں۔