Wednesday, April 24, 2024

کوئی کچھ بھی کہے لیکن ہمارے لئے پارلیمنٹ ہی سپریم ادارہ ہے، چیف جسٹس

کوئی کچھ بھی کہے لیکن ہمارے لئے پارلیمنٹ ہی سپریم ادارہ ہے، چیف جسٹس
January 19, 2018

اسلام آباد(92 نیوز) کٹاس راج مندر کیس کی سماعت میں اپنے ریمارکس میں چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کی عزت کرتے ہیں اور کوئی کچھ بھی کہے لیکن ہمارے لئے پارلیمنٹ ہی سپریم ادارہ ہے۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کٹاس راج مندر ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔
سماعت میں متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے کٹاس راج تالاب کو آٹھ فٹ سے زیادہ بھرنے کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تالاب کو مسلسل بھرا رہنا چاہیے۔ سکھ اور عیسائی برادری کے مسائل بھی حل کریں گے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم پارلیمنٹ کی عزت کرتے ہیں۔ کوئی کچھ بھی کہے لیکن ہمارے لئے پارلیمنٹ سپریم ادارہ ہے۔
عدالت نے سماعت کے دوران متروکہ وقف املاک کے چیئرمین صدیق الفاروق کی عدم حاضری پر اظہار برہمی کیا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ صدیق الفاروق کوہر پیشی پر حاضری کا کہا تھا لیکن وہ کیوں نہیں آئے۔ میرے ہاتھوں سے کچھ ہو جائے گا۔ کیوں نا عدالت متروکہ وقف املاک کا انتظام سنبھال لے۔
ادھر چیف جسٹس نے متروکہ وقف املاک کی جائیدادوں اور آمدنی کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ سیمنٹ فیکٹریوں کی وجہ سے زیر زمین پانی متاثر ہو رہا ہے۔ کیوں نہ سیمنٹ فیکٹریوں کی توسیع ختم کر دی جائے۔
عدالت نے تمام سیمنٹ فیکٹریوں کے مالکان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔