Sunday, September 8, 2024

کوئی مقدس گائے نہیں‘ سب کا احتساب نہ ہونا بدقسمتی ہے : چیئرمین سینیٹ

کوئی مقدس گائے نہیں‘ سب کا احتساب نہ ہونا بدقسمتی ہے : چیئرمین سینیٹ
March 10, 2016
لاہور (92نیوز) چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ ملک میں احتساب اور انصاف کا نظام پانچ طبقات میں تقسیم ہے۔ تمام افراد برابر نہیں ہونگے تو انگلیاں نظام پر اٹھیں گی۔ اشرافیہ، اسٹیبلشمنٹ کے ساتھی، سویلین، امیر اور طاقت ور افراد احتساب سے صاف بچ جاتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں سینیٹر اعتزاز احسن سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا کہ احتساب سب کا ہو۔ کوئی مقدس گائے نہیں ہونی چاہئے۔ انصاف کے نظام میں مساوات نہیں جو ملک کی بدقسمتی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ احتساب کے قانون کو پارلیمان میں لانا چاہیے۔ رینجرز کے تھانے بنائے جانے پر بات نہیں کرنا چاہتا۔ معاملہ سینیٹ میں پیش ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون کی عمل داری‘ اداروں کے استحکام اور آئین کی بالادستی انتہائی ضروری ہے۔ رضا ربانی نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری کا بل سینیٹ میں منظور نہیں ہوا۔ وفاق کو مضبوط کرنے کا طریقہ 18 ویں ترمیم کے تحت موجود ہے۔ جو لوگ صوبائی خود مختاری کو واپس کرنے کی بات کر رہے ہیں ان کا یہ انحراف قوم کو سنگین نتائج کی طرف لے جا سکتا ہے۔