Sunday, May 12, 2024

کوئی مذہب بے گناہوں کو مارنے کا نہیں کہتا ، وزیراعظم

کوئی مذہب بے گناہوں کو مارنے کا نہیں کہتا ، وزیراعظم
June 1, 2019
ریاض (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا مذہب کا دہشتگردی سے کوئی تعلق نہیں۔ کوئی مذہب بے گناہوں کومارنے کا نہیں کہتا۔ وزیراعظم عمران خان کی او آئی سی کی چودھویں سربراہ کانفرنس میں شرکت ہوئی۔ اپنےخطاب میں عمران خان نے اسلام فوبیا، کشمیریوں اور فلسطینیوں کےحقوق کیلئے آواز بلند کی۔ انہوں نے کہا مسلم دنیا یورپ کو بتائے کہ پیغمبر اسلام ﷺ کی شان میں گستاخی پر ہمارے دل کس قدر دکھی ہوتے ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا مغربی ممالک میں ہمارے نبی ﷺ کی شان میں گستاخی اوآئی سی اور مسلم ممالک کے رہنماؤں کی ناکامی ہے۔ عمران خان نے کہا نائن الیون سے پہلےتامل ٹائیگرز حملے کرتے تھے لیکن ان حملوں کو کسی نے ہندومذہب سے نہیں جوڑا کیونکہ کوئی مذہب معصوم لوگوں کی جان لینےکی اجازت نہیں دیتا۔ لیکن نائن الیون کے بعد سے کشمیر اور فلسطین کی سیاسی جدوجہد کو مذہبی دہشت گردی قرار دے کر ظلم ڈھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہئے اور مسئلہ فلسطین کا دو ریاستی حل کے سوا کوئی حل نہیں ہے۔ عمران خان نے کہا مغرب اسلام پر لگائے گئے دہشتگردی کے لیبل کو ہٹائے۔ وزیر اعظم عمران خان بولے مسلمان ممالک کومصنوعی ذہانت جیسی جدید سائنس اور ٹیکنالوجی کی معیاری تعلیم پر خرچ کرنا ہو گا۔ گولان کی پہاڑیوں کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرار داوں پرعملدرآمد کیا جائے۔ دہشت گردی ، اسلام ، علیحدہ ، وزیراعظم ، مذہب اجلاس کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم نے سعودی شاہ سلمان ، ولی عہد محمد بن سلمان، مصری صدر السیسی اور افغان صدر اشرف غنی سے ملاقاتیں بھی کیں جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔