Friday, May 17, 2024

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف مختلف شہروں میں احتجاج
August 9, 2018
لاہور ( 92 نیوز) انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف اپوزیشن نے مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی احتجاج کیا اور ریلیاں نکالیں ۔  مظاہرین کی جانب سے نتائج نامنظور کے نعرے بھی لگائے ۔ دوسری طرف گزشتہ روز اداروں کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کرنےوالوں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اپوزیشن  جماعتوں نے لاہور میں دوسرے روز بھی اسٹیج سجانے کی کوشش کی مگر ن لیگ اور پی پی پی کی قیادت کی عدم شرکت کے باعث کوشش ناکام رہی۔ احتجاج کرنے کارکن تو آئے مگر قیادت غائب رہی   اور تو اور قیادت نے بعد میں ہڑتال  کی کال ہی واپس لے لی  ، لیاقت بلوچ کہتے ہیں  مس مینجمنٹ اور رابطے کے فقدان کی وجہ سےاحتجاج نہ ہوسکا ۔ کوئٹہ میں بھی اپوزیشن جماعتوں نے احتجاج کیا  ،مظاہرین نے الیکشن کمیشن کے آفس جانے کی کوشش کی تاہم اُنہیں روک دیا گیا  ۔احتجاج میں ایم ایم اے ، ن لیگ ،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ، ایم ایم اے اور نیشنل پا رٹی کے کارکنان شر یک ہو ئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے صاف شفاف انتخابات کرانے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ پشاور میں بھی اپوزیشن جماعتوں کے کارکن سامنے آئے اور انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کیا  ، اپوزیشن کے متعدد کارکنوں نے  الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنا بھی دیا  جبکہ اس موقع پر پولیس کے دستے وہاں موجود رہے ۔ واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں احتجاج کیا تو اداروں کے بارے میں نازیبا الفاظ استعمال کئے گئے  جن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔