Wednesday, April 24, 2024

کوئٹہ ، ہزار گنجی میں ہونیوالے خود کش دھماکے کے بعد فضا سوگوار

کوئٹہ ، ہزار گنجی میں ہونیوالے خود کش دھماکے کے بعد فضا سوگوار
April 13, 2019

کوئٹہ ( 92 نیوز) کوئٹہ میں گزشتہ روز ہزار گنجی کے علاقے میں ہونے والے خود کش دھماکے کے بعد فضا سوگوار ہے، سی ٹی ڈی تھانے میں واقعہ کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد کا احتجاجی دھرنا تاحال جاری ہے۔

کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں گزشتہ روز  ہونیوالے خود کش حملے کے بعد فضا سوگوار ہے فروٹ منڈی میں جائے وقوعہ پر بھی کاروبار زندگی مفلوج ہے گزشتہ روز واقعہ کا  مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کر لیا گیا ۔

مقدمے  میں انسداد دہشت گردی کے دفعات سمیت قتل اور اقدام قتل کے دفعات شامل ہیں ، سی ٹی ڈی کے عملے نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کیلئے تحقیقات کا آغاز بھی کردیا ہے۔

دوسری جانب سانحہ کوئٹہ کے خلاف گزشتہ روزہزارہ سیاسی کارکنان نے مغربی بائی پاس پر دھرنا دیا جو تاحال جاری ہے ، مظاہرین کے دھرنے کے باعث کراچی کو چمن سے ملانے والے قومی شاہراہ ٹریفک کے لئے مکمل بند ہے۔

مظاہرین  کا کہنا ہے کہ حکومت کی  یقین دہانیوں کے باوجود ہزارہ برادری کا قتل عام جاری ہے۔

وفاقی وزیر میری ٹائم علی زیدی بھی کوئٹہ پہنچے امام بارگاہ میں شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر شہری کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے وزیراعظم اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں ۔

ہزار گنجی دھماکے میں زخمی ہونیوالوں میں 21افراد کو مختلف اسپتالوں سے ڈسچارج کیا گیا ہے ، اس وقت سول اسپتال میں زیر علاج 4زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک جبکہ بولان میڈیکل کمپلیکس میں زیرعلاج 23زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔