Friday, April 19, 2024

کوئٹہ ، ہزار گنجی سبزی منڈی میں دھماکا ، سکیورٹی اہلکار سمیت بیس افراد جاں بحق

کوئٹہ ، ہزار گنجی سبزی منڈی میں دھماکا ، سکیورٹی اہلکار سمیت بیس افراد جاں بحق
April 12, 2019

کوئٹہ (92 نیوز) کوئٹہ کے ہزار گنجی سبزی منڈی میں دھماکا ہوا جس میں سکیورٹی اہلکار سمیت بیس افراد جاں بحق  جبکہ 48 زخمی ہو گئے۔

 امن دشمنوں کو پاکستان میں امن  وامان ہضم نہ ہوا۔ بزدل دہشتگردوں نے  کوئٹہ کو ایک بار خون میں نہلا دیا ۔ ہزار گنجی میں دھماکا  کئی جانیں لے گیا۔

 ہزار گنجی  کی فروٹ منڈی  اس وقت دھماکے سے گونج اٹھی جب شہریوں کی بڑی تعداد خریدو فروخت میں مصروف تھی۔ اچانک دھماکا ہوا اور اگلے ہی لمحے  گہما گہمی کی جگہ قیامت  صغریٰ کے مناظر تھے۔

 دھماکا ہوتے ہی سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا۔

ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دھماکا خیز مواد آلو کی بوری میں چھپایا گیا تھا۔

 عینی شاہدین کہتے ہیں کہ وہ اپنے کام میں مصروف تھے کہ اچانک دھماکا  ہوا اور بھگدڑ مچ گئی ۔ دھماکے کے بعد ہرطرف لاشیں پڑی تھیں۔

 صدر مملکت عارف علوی ،وزیر اعظم عمران خان ،وزرائے اعلیٰ اور دیگر سیاسی رہنماؤں  نے  دھماکے میں ہونے والے قیمتی جانی  نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 وزیر داخلہ بلوچستان ضیااللہ لانگو نے  نیوز کانفرنس میں  دھماکے کو خودکش قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمن چھپ کر وار کررہا ہے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

صدر مملکت عارف علوی ،وزیر اعظم عمران خان ،وزرائے اعلیٰ اور دیگر سیاسی رہنماؤں  نے  دھماکے میں ہونے والے قیمتی جانی  نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

 پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف نے کوئٹہ میں شہادتوں اور نقصانات پر رنج وغم اور افسوس کا اظہارکیا اور کہا اللہ تعالی نے محنت کش کو اپنا دوست قرار دیا ، اس کے دوستوں کو نشانہ بنانے والے عذاب سے بچ نہیں سکیں گے، ناحق بے گناہوں کا خون بہانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، غم کی  گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔