Friday, April 26, 2024

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی وطن واپس پہنچ گئے
March 2, 2017

لاہور (92نیوز) پاکستان سپرلیگ کا فائنل کھیلنے کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں کی واپسی شروع ہو گئی۔ کچھ کھلاڑی لاہور اور کچھ کراچی پہنچے۔ ایک روز آرام کے بعد فائنل کی تیاری لاہور میں شروع کر دی جائے گی۔

لاہور پہنچنے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑیوں میں احمد شہزاد، نواز، ذوالفقار بابر، سعدنسیم اور عمر امین شامل ہیں۔ اسسٹنٹ کوچ عبدالرزاق بھی لاہور پہنچے۔ کرکٹرز کا استقبال ان کے خاندان کے افراد اور دوستوں نے کیا جبکہ کراچی پہنچنے والوں میں ہیڈکوچ معین خان، کپتان سرفراز احمد، اسدشفیق، انورعلی، نورولی اور میرحمزہ  شامل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل غیرملکی کھلاڑیوں کیون پیٹرسن، لک رائیٹ، ٹائمل ملز اور روسو نے سکیورٹی مسائل کو بنیاد بنا کر لاہور میں فائنل کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔ غیرملکی کھلاڑی اپنے اپنے وطن واپس روانہ ہو چکے ہیں۔ البتہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مینٹور ویون چرڈ اور جولین فائونتین نے فائنل سے پہلے لاہور پہنچنے کا اعلان کیا ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پاکستان سپر لیگ کے فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرزسرفراز احمد کہتے ہیں پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہونا خوش آئند ہے۔ دستیاب کھلاڑیوں سے اچھی ٹیم بنانے کی کوشش کریں گے۔ فائنل میں غیرملکی کھلاڑیوں کے نہ ہونے سے کارکردگی متاثر ہو گی۔ کوچ معین خان بولے تمام کھلاڑیوں کی محنت سے فائنل تک پہنچے۔

خیال رہے کہ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان جمعے کو ہونے والا پلے آف جیتنے والی ٹیم فائنل میچ کھیلے گی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 5مارچ کو قذافی سٹیڈیم میں فائنل کھیلے گی جس کیلئے پریکٹس کا آغاز تین مارچ کو کیا جائے گا۔