Thursday, April 25, 2024

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی

پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی
February 22, 2020
کراچی ( 92 نیوز ) پی ایس ایل فائیو کا رنگارنگ میلہ جاری ہے   جہاں چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ پی ایس ایل فائیو کے چوتھے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 148 رنز بنائے  ،پشاور زلمی نے ہدف  4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اوپنر جیسن روئے نے 57 گیندوں پر ایک چھکے اور 6  چوکوں کی مدد سے  73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر شین واٹسن 8 رنز بنا کر وہاب ریاض کا شکار ہو گئے ، ان کا کیچ حسن علی نے تھاما ۔ ٹاپ آرڈر احمد شہزاد بھی ٹیم اور شائقین کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکے اور 12 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 12 رنز بنا کر چلتے بنے ،وہ محمد عامر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ کپتان سرفراز احمد نے اوپنر جیسن روئے کے ساتھ ٹیم کے اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا ،دونوں نے چوتھی وکٹ  کی شراکت میں 62 رنز کا اضافہ کیا ، سرفراز احمد25 گیندوں پر ایک چھکے اور پانچ چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر ڈیرن سیمی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ مڈل آرڈر اعظم خان کی مزاحمت 5 رنز کی رہی ، وہ وہاب کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ،محمد نواز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی تھے ،انہوں نے چار گیندوں پر دو رنز بنائے جبکہ سہیل خان دو رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے وہاب ریاض دو ، راحت علی محمد عامر اور ڈیرن سیمی ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے 148 رنز کا ہدف زلمی نے صرف چار وکٹوں کے نقصان پر 18.3 اوورز میں حاصل کرلیا۔ گو کہ پشاور زلمی کی جانب سے بھی آغاز اچھا فراہم نہ کیا گیا اور ٹام بینٹن 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے  ، لیکن ساتھی اوپنر  کامران اکمل نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 55 گیندوں پر 4 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے 101 رنز کی  شاندار اننگز کھیلی ،وہ فواد احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ نوجوان بلے باز حیدر علی نے 28 گیندوں پر 25،شعیب ملک نے 12 گیندوں پر 7 رنز بنائے ۔ لائم لیونگ سٹون نے تین گیندوں پر دو جب کہ لائم ڈاؤسن نے 4 گیندوں پر چار رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فواد احمد دو ، ٹیمل ملز اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔