Friday, April 19, 2024

پی ایس ایل سکس ، ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 110 رنز سے ہرا دیا

پی ایس ایل سکس ، ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 110 رنز سے ہرا دیا
June 17, 2021

ابوظہبی (92 نیوز) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل سکس کے پلے آف مرحلے سے باہر ہو گئی۔ ملتان سلطانز نے 110 رنز سے شکست دے دی۔

184 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی بیٹنگ تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ عمران طاہر کی اسپن باؤلنگ کے سامنے کوئٹہ کے بلے باز بے بس نظر آئے۔ کوئٹہ کے اوپننگ بلے باز جیک ویدرالڈ 27 رنز کے مجموعی اسکور پر 19 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ 27 رنز کے اسکور پر ہی کیمرون ڈیلپورٹ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔

کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد اور اعظم خان بھی ناکام رہے۔ سرفراز احمد 13 اور اعظم خان صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ کوئٹہ کا کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 13 ویں اوور میں 73 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ بیس اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔ شان مسعود 73 اور جانسن چارلس 47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ شان مسعود کو شانداراننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔