Saturday, April 27, 2024

کوئٹہ دوسری بار پی ایس ایل فائنل میں پہنچ گیا

کوئٹہ دوسری بار پی ایس ایل فائنل میں پہنچ گیا
March 1, 2017

شارجہ (ویب ڈیسک) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو ایک رن سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ کےفائنل میں پہنچ گئی، شکست کے باوجود پشاور زلمی کے پاس فائنل میں پہنچنے کا ایک اور موقع ہوگا۔ آخری اوور میں پشاور زلمی کو سات رنز درکار تھے مگر محمد نواز نے شاندار باؤلنگ کی اورٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا۔ 201رنز ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کو ابتدا میں ہی دو جھٹکے لگے، صرف تین کے مجموعے پرہی کامران اکمل اور ڈیوائن اسمتھ پویلین لوٹ گئے۔

پھر ڈیوڈ میلان کو جوائن کیا پروفیسر نے جنہوں نے اپنے فارمولوں سے کوئٹہ کے باؤلرز کی طبیعت صاف کردی۔ میلان نے بھی حفیظ کا خوب ساتھ دیا، پروفیسر سینتالیس گیندوں پر ستتر اور ڈیوڈ میلان تیس گیندوں پرچھپن رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پھر میدان میں آئے بوم بوم آفریدی جو کوئٹہ کے باؤلرز پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے اور چھکے پر چھکا مار کر شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ لالہ نے صرف تیرہ گیندوں پر چونتیس رنز بنائے مگر اپنی ٹیم کوجیت سے ہمکنار نہ کرا سکے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد نواز نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس سے قبل کوئٹہ نے ڈیرن سیمی کی دعوت پر بیٹنگ کرتے ہوئے دو سو رنز بنا ڈالے۔ احمد شہزاد اور کیون پیٹرسن نے چوکوں چھکوں کی برسات کر دی۔ احمد شہزاد نے اڑتیس گیندوں پر اکہتر رنزبنائے اور مین آف دی میچ رہے۔

پیٹرسن بائیس گیندوں پر چالیس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دونوں کے پویلین لوٹنے کے بعد کوئٹہ کی وکٹیں اور رن ریٹ تیزی سے گرنے لگا۔ سرفراز، رائلی روسو اور سعد نسیم بڑی اننگز نہ کھیل سکے۔ انور علی نے برق رفتار بیس رنز بنا کر ٹیم کا اسکور دو سو تک پہنچایا۔

پشاور کے وہاب ریاض نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ دوسرے پلے آف میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آج آمنے سامنے ہوں گی۔