Thursday, April 25, 2024

کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 23 زخمی

کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر دھماکا، 2 افراد جاں بحق، 23 زخمی
July 23, 2019
 کوئٹہ (92 نیوز) کوئٹہ کے مشرقی بائی پاس پر دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 23 زخمی ہو گئے۔ مشرقی بائی پاس شیر جان اسٹاپ پر زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد جاںبحق 23 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ ٹراما سینٹر میں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی گئی ۔ ایم ایس سول اسپتال کے مطابق زخمیوں میں تین افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی ،ایک موٹرسائیکل اور 5 سے زائد دوکانوں کو نقصان پہنچا ۔ دھماکے کے بعد پولیس، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق سائیکل میں 5 سے 6 کلو دھماکہ خیزمواد نصب کیا گیا تھا ۔ شواہد اکھٹے کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔ وزیر اعلی بلوچستان جام کمال نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت اور وحشت پھیلانے والوں کا کوئی مذہب ،قوم نہیں۔ دہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کرکے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔