Friday, April 26, 2024

کوئٹہ کی مارکیٹ میں لیویز اہلکاروں کی فائرنگ سے دو افراد زخمی

کوئٹہ کی مارکیٹ میں لیویز اہلکاروں کی فائرنگ سے دو افراد زخمی
April 26, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) کوئٹہ کی مارکیٹ میں لیویز اہلکاروں کی فائرنگ سے دو افراد زخمی ہو گئے۔

کوئٹہ میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر کارروائی کے دوران گولیاں چل گئیں۔ ضلعی انتظامیہ تولہ رام روڈ پر شاپنگ مال اور دکانیں بند کرانے پہنچی تو لیویز اہلکاروں اور تاجروں کے درمیان جھڑپ شروع ہو گئی۔

ضلعی انتظامیہ کی ٹیم لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والی مارکیٹیں اور دکانیں بند کرانے کے لئے بازار میں گشت کر رہی تھی کہ تولہ رام روڈ پر مارکیٹیں کھلی ہوئی تھیں۔ لیویز اہلکاروں نے شاپنگ مال بند کرانے کی کوشش کی تو ملازمین نے گاڑیوں اور اہلکاروں پر پتھراؤ شروع کر دیا۔

اہلکاروں سے تین کلاشنکوف اور ایک پستول چھین لئے۔ پتھراؤ کے نتیجے میں  دو لیویز اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ لیویز اور پولیس اہلکاروں نے مشتعل ہجوم کو منشتر کرنے لیے فائرنگ کی جس کی زد میں آکر دو نوجوان زخمی ہو گئے۔ پولیس نے شاپنگ مال کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرکے پانچ مظاہرین کو گرفتار کر لیا۔

صوبائی وزیرداخلہ میرضیاء اللہ لانگو نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے حکام سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان، کروناوائرس کے حالات میں اس طرح کے واقعات کا ہونا باعث افسوس ہے۔