Friday, March 29, 2024

کوئٹہ کراچی شاہراہ پر غیر قانونی پٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ جاری

کوئٹہ کراچی شاہراہ پر غیر قانونی پٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ جاری
October 19, 2019
کوئٹہ( 92 نیوز) کوئٹہ کراچی شاہراہ  پر کھلے عام غیر قانونی پٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ جاری ہے ،غیر قانونی پٹرول اور ڈیزل سے بھری گاڑیوں سے  حادثات کی شرح بڑھ گئی ، 92 نیوز نے آواز اٹھائی تو حکومت بلوچستان حرکت میں آگئی ۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے غیرقانونی ڈیزل اور پٹرول کے کاروبار پر پابندی عائد کر کے کارروائی کے احکامات جاری کر دیے ۔ کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پرکھلے عام غیر قانونی پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ کاکاروبارجاری ہے ، یہ کاروبار غیرقانونی ہونے کے ساتھ ساتھ حادثات کا باعث بھی ہے گزشتہ روز کمشنر مکران ڈویژن سمیت 4افراد حادثے کا شکار ہوکر جاں بحق ہوئے ۔ چینل 92 نیوز نے غیر قانونی پیٹرول اور ڈیزل کے کاروبار کی نشاندہی کی اور آخر کار حکومت بلوچستان نے سینکڑوں زندگیاں گنوا کر اس کاروبار پر پابندی عائد کر دی ۔ چیف سیکرٹری بلوچستان کی جانب سے ہدایات جاری کی گئیں کہ فوری طورپر قومی شاہراہوں پر موت بانٹتی ان گاڑیوں اور غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی جائے ۔ واضح رہے کہ بلوچستان میں ایران کے راستے غیر قانونی پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ کاکاروبار منافع بخش ہوتا جارہا تھا اور اس کاروبار میں بڑے بڑے ناموں کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا تھا ۔ کوئٹہ کراچی شاہراہ پر ہر پانچ منٹ کے بعد پیٹرول اور ڈیزل سے بھری گاڑیاں صوبے کے مختلف علاقو ں میں لے جائی جاتی ہیں جہاں شہر میں کھلے عام اسکی خریدوفروخت کی جاتی ہے۔