Friday, April 26, 2024

کوئٹہ، ژوب، سنجاوی میں برفباری کا 15سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

کوئٹہ، ژوب، سنجاوی میں برفباری کا 15سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
January 14, 2017

کوئٹہ (92نیوز) کوئٹہ، چترال اور بروری میں سفید موتیوں کی بارش سے پہاڑ، درخت اور میدان ہر شے سفیدی میں چھپ گئی۔ کوئٹہ، ژوب اور سنجاوی میں پندرہ سال بعد برف باری کے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ سیاحتی مقام فورٹ منرو میں آٹھ سال بعد برف باری ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کےبیشتر اضلاع میں موسم سرما کی پہلی برف باری نے ہر چیز کو سفید چادر میں ڈھانپ کر شہریوں کے چہروں پر خوشی اور مسرتیں بکھیر دیں۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع زیارت، قلات، پشین، قلعہ عبداللہ، چمن اور مستونگ میں برف باری کا سلسلہ رات سے شروع ہوا۔

جونہی زمین اور کوہساروں نے برف کا سفید چادر اوڑھی شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے اور لوگ گھروں سے باہر نکل کر موسم کی اس نئی تبدیلی کو انجوائے کرتے رہے۔ برف باری کے باعث دوستوں کی ٹولیاں پکنک پوائنٹس ہنہ جھیل اوڑک اور بولان کی طرف نکل پڑیں۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ بارش کے طویل انتظار کے بعد برفباری کا سرپرائز یقینا قدرت کا انمول تحفہ ہے۔ بلوچستان کے سیاحتی مقام زیارت میں ایک فٹ تک برف ریکارڈ کی گئی۔

برف باری کے بعد چمن کوژک ٹاپ پر ٹریفک کی روانی بری طرح سے متاثر رہی جبکہ رات بھر جاری رہنے والی برف باری کے باعث دادو، خضدار اور لورالائی 220کے وی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کر جانے کے باعث بلوچستان کے 15اضلاع میں بجلی بھی چھٹی پر رہی۔