Thursday, March 28, 2024

کوئٹہ پولیس کا بہادر جوان دہشتگردوں کے سامنے دیوار بنا رہا

کوئٹہ پولیس کا بہادر جوان دہشتگردوں کے سامنے دیوار بنا رہا
December 18, 2017

کوئٹہ ( 92 نیوز ) کوئٹہ چرچ پر دہشتگردوں کے حملے کے دوران پولیس کا بہادر جوان دیوار بن گیا اور تنہا دہشتگردوں کا مقابلہ کرتا رہا ۔
بہادر پولیس اہلکارنےتن تنہا دہشت گردوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا ۔ چرچ پر حملے کی نئی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس اہلکار نے حاضر دماغی اور بہادری کےساتھ دہشت گردوں کوآگے نہ بڑھنے دیا۔ بہادر اہلکار نےگیٹ عبور کرنیوالے دہشت گرد کو دروازے پر ہی مار گرایا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج پولیس اہلکار کی بہادری کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک دہشت گرد کو اہلکار نے مین گیٹ کے ساتھ ہی اپنے گولی کا نشانہ بنایا جو منہ کے بل گرا ۔
پولیس اہلکار نے پھر ایک درخت کی اوٹ میں کھڑے ہو کر دہشتگردوں کامقابلہ کیا ۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اہلکار کبھی پسٹل سے فائر کرتا تو کبھی گن سے لیکن ہمت نہیں ہارا یہاں تک ایک گولی پولیس اہلکار کی جیب میں رکھے موبائل پر لگی مگر وہ خود محفوظ رہا ۔
پولیس اہلکار کی فائرنگ سے دہشتگرد بوکھلا گئے۔ ایک مارا گیا تو دوسرے نے اپنے آپ کو دھماکے سے اڑا لیا ۔ پولیس اہلکار کی بہادری پر پوری قوم پولیس کے اس جوان کو خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔