Sunday, May 19, 2024

کوئٹہ، پشتون آباد میں رحمانیہ مسجد میں دھماکا ، دو شخص شہید

کوئٹہ، پشتون آباد میں رحمانیہ مسجد میں دھماکا ، دو شخص شہید
May 24, 2019

 کوئٹہ (92 نیوز) کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد کی رحمانیہ مسجد میں دھماکے میں دو شخص شہید اور 23  زخمی ہو گئے جنہیں سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

دھماکا جمعہ کی نماز کے اجتماع کے دوران ہوا۔ پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

 صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے پشتون آباد کے مسجد میں دھمکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے دھماکے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کیلئے افسوس اور ہمدردی کا اظہار  کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ نے کہا زخمیوں کے فوری طبی امداد اور علاج میں کسی قسم کی کمی نہیں آنی چاہیے۔ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے والے دہشت گرد انسان کہلانے کے لائق نہیں۔ صوبائی وزیر داخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ عبادت گاہوں اور دیگر عوامی مقامات کی سیکورٹی مزید سخت کی جائے۔

 دوسری طرف مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اعجاز احمد چودھری  نے کہا دھماکے میں شہید ہونے والے خاندانوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ملک دشمن قوتیں ملکی سالمیت کو سبوتاز کرنے کی ناکام کوششیں کررہی ہیں۔ پاکستان دشمن قوتیں ایسی بزدلانہ کاروائیوں سے عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔