Friday, April 26, 2024

کوئٹہ‘ پشاور سمیت مختلف شہروں میں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع

کوئٹہ‘ پشاور سمیت مختلف شہروں میں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع
November 23, 2016

کوئٹہ / پشاور / ملتان (92نیوز) کوئٹہ‘ پشاور‘ لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی جس میں لاکھوں بچوں کو پولیو سے بچاو¿ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ سکیورٹی کے کڑے انتظامات‘ اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بارہ اضلاع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہو گئی۔ مہم کے دوران سولہ لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ان اضلاع میں کوئٹہ‘ ڈیرہ بگٹی‘ قلعہ عبداللہ‘ قلعہ سیف اللہ‘ نصیرآباد‘ جعفرآباد اور دیگر شامل ہیں۔

مہم کے دوران سولہ لاکھ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ 23نومبر سے 25نومبر تک جاری رہنے والی پولیو مہم کے دوران 5ہزار 184 موبائل ٹیمیں جبکہ چار سو سے زائد فکس پوائنٹس بنائے گئے ہیں جبکہ رضاکار گھرگھر جاکر بچوں کو قطرے پلارہے ہیں۔

مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے لیے پولیس‘ لیویز اور ایف سی کے اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔ رواں سال قلعہ عبداللہ‘ پشین اور کوئٹہ کے علاقوں میں گندے پانی سے لیے گئے نمونوں میں پولیو وائرس کے موجود ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

ادھر خیبرپختونخوا میں بھی آج سے تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی ہے۔ مہم کے دوران 56 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو¿ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پنجاب کے آٹھ اضلاع لاہور‘ ملتان‘ راولپنڈی‘ مظفر گڑھ‘ رحیم یار خان‘ ڈیرہ غازی خان‘ راجن پور اور شیخوپورہ میں بھی پولیو مہم شروع کر دی گئی ہے۔

ملتان میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران آٹھ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔ ملتان میں محکمہ صحت کی جانب سے پولیو مہم کے لیے دو ہزار انہتر ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ پولیو ٹیمیں عوامی مقامات اور گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلانے میں مصروف ہیں۔

محکمہ صحت کے مطابق انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں آٹھ لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے جبکہ قطرے پلوانے سے انکاری والدین کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔