Wednesday, April 24, 2024

کوئٹہ میں گیس لوڈ شیڈنگ کیخلاف عوام باہر نکل آئے

کوئٹہ میں گیس لوڈ شیڈنگ کیخلاف عوام باہر نکل آئے
December 1, 2019
کوئٹہ ( 92 نیوز) کوئٹہ میں گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کیخلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے ،  ٹائر جلا کر شدید احتجاج کیا اورحکومت وقت کو خواب غفلت سے جگانے کی کوشش کی۔ کوئٹہ میں موسم سرد کیا ہوا   گیس لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر دی ، نواحی علاقے کشمیر آباد کے رہائشی غصے سے بپھرے اور دیکھتے ہی دیکھتے سڑکوں پر نکل کر احتجاج شروع کر دیا، علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے روڈ پر ٹائر جلائے  اور  قمبرانی روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا, دہائیاں دیتے خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد احتجاج میں شریک تھی۔ گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کی تنگی کا شکار شہریوں کا کہنا تھا کہ  موسم سرما کا آغاز ہوتے ہی گیس غائب ہوتی ہے اور وہ اس کے خلاف سڑکوں پر ہوتے ہیں  ، لیکن مجال ہے کہ حکومت کے کان پر جوں بھی رینگتی ہو۔ احتجاج میں شریک بچوں کا کہنا تھا کہ گیس کی بندش اور لو پریشر ان کے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کرتی ہے، جبکہ  حکمران  ہیں کہ ووٹ کے وقت تو نظر آتے ہیں بعد میں ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتے ۔ علاقہ مکینوں نے یہ بھی مطالبہ کیا گیس کی پائپ لائنیں پورے علاقہ کشمیر آباد میں بچھائی جائیں ،مطالبات پورے  نہ ہونے کی صورت میں شہریوں نے روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کرنے اور سڑکیں بند کرنے کی دھمکی دے دی ۔