Sunday, September 8, 2024

کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار جاں بحق، وزیراعظم کا اظہار افسوس، ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم

کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار جاں بحق، وزیراعظم کا اظہار افسوس، ملزموں کی فوری گرفتاری کا حکم
June 6, 2015
کوئٹہ (92نیوز) کوئٹہ کے نواحی علاقے پشتون آباد میں نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے سب انسپکٹر سمیت چار پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق پشتون آباد پولیس تھانے کی موبائل علاقے میں معمول کے گشت پر تھی کہ چار نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے اولس خان چوک کے قریب پولیس وین پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر علی محمد سمیت چار اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ ملزم فرار ہوگئے، چاروں پولیس اہلکاروں کی لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ ملزموں کی گرفتاری کےلئے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا وزیراعظم نوازشریف نے کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں پولیس اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کی ہدایت کر دی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کوئٹہ پشتون آباد میں چار پولیس اہلکاروں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسے واقعات سے حکومت کے عزم کو کمزور نہیں کیا جاسکتا، حکومت دہشت گردی کا خاتمہ کرکے ہی دم لے گی۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔