Wednesday, April 24, 2024

کوئٹہ میں شہید ہونیوالے موٹروے پولیس اہلکار محمد ادریس قیصرانی سپرد خاک

کوئٹہ میں شہید ہونیوالے موٹروے پولیس اہلکار محمد ادریس قیصرانی سپرد خاک
May 19, 2018
کوئٹہ (92 نیوز) کوئٹہ میں ایف سی مددگار سینٹر پر دہشتگردوں کے حملے میں بہادری سے لڑ کر شہادت کے بلند مرتبے پر فائز ہونے والے موٹروے پولیس کے اہلکار محمد ادریس قیصرانی کو سپردخاک کر دیا گیا۔ 17 مئی کو ایف سی مدد گار سینٹر پردہشت گردوں کے حملے کو سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے ناکام بنایا۔ واقعہ میں موٹروے پولیس کے بہادر اہلکار محمد ادریس قیصرانی جو حملے کے وقت ڈی جی موٹروے آفس کے گیٹ پر تعینات تھے اور دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے تھے۔ محمد ادریس کی میت کو انکے آبائی علاقے ڈی جی خان روانہ کیا گیا جہاں انہیں سپردخاک کر دیا گیا۔ دوسری جانب پنجاب فرانزک ٹیم بھی آج کوئٹہ پہنچے گی جہاں وہ کرائم سین کا دورہ کرے گی۔ اس موقع پر جائے وقوعہ سے شواہد اور ہلاک دہشت گردوں کے ڈی این اے ٹیسٹ حاصل کئے جائینگے ۔ ایف سی مدد گار سینٹر پر حملے کے بعد صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں اہم مقامات کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کے ساتھ ساتھ شہر میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا گشت بھی بڑھا دیا گیا ۔