Friday, April 26, 2024

کوئٹہ میں سرکاری ملازمین کا مطالبات کے حق میں احتجاج جاری

کوئٹہ میں سرکاری ملازمین کا مطالبات کے حق میں احتجاج جاری
April 5, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) کوئٹہ میں سرکاری ملازمین کے احتجاج پر حکومتی ضدنے30لاکھ سے زائد شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی، حکومت مطالبات تسلیم کرنے کو تیار نہیں تو دوسری جانب احتجاج پر بیٹھے ملازمین بھی مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے پر ڈٹ گئے۔

کورونا ایس او پیزکی خلاف ورزیاں کرتا شہر کے وسط میں جاری احتجاجی دھرنہ ٹریفک کی روانی میں شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے، تیس لاکھ آبادی والا شہر کوئٹہ پچھلے آٹھ روز سے شدید ٹریفک جام کے مسائل سے دوچار ہے ۔

پانچ ہزار سے زائد سرکاری ملازمین جو 25فیصدتنخواہوں میں اضافے اور دیگر مطالبات کی منظوری کے لئے بضد ہیں وہیں شہری احتجاج کے باعث گھنٹوں گھنٹوں انتظار کی زحمت برداشت کرنے پر مجبور ہیں ۔وزیراعلیٰ بلوچستان کہتے ہیں کہ کیوںنہ ملازمین کی تنخواہوں بڑھانے کی بجائے نئی آسامیاں پیدا کی جائیں وہیں ملازمین کہتے ہیں کہ جب تک تنخواہیں نہ بڑھائی گئیں احتجاج جاری رہے گا۔

شہری کہتے ہیں کہ کورونا وائرس کے باعث شہر میں دفعہ144نافذ ہے مگر پھر بھی سرکاری ملازمین کے اس احتجاج کے باعث خطرات بڑھ رہے ہیں حکومت فوری طورپر اس احتجاج کے خاتمے کے لئے کردار ادا کرے۔