Saturday, May 11, 2024

کوئٹہ میں راشن کی تقریب بد نظمی کا شکار ہو گئی

کوئٹہ میں راشن کی تقریب بد نظمی کا شکار ہو گئی
April 11, 2020

کوئٹہ  ( 92 نیوز ) کوئٹہ میں ممبر صوبائی اسمبلی کی جانب سے غریب افراد میں راشن اور اشیاءخوردونوش کی تقریب بدنظمی کا شکار ہو گئی ، عوام کے جم غفیر نے دفعہ 144اور سوشل ڈسٹنس کی دھجیاں بکھیر دیں ، لوگ کالج کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہو گئے، لوگوں کی بھیڑ میں کسی کو کچھ نہ مل سکا۔

کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے ایم پی اے ملک نصیر شاہوانی کی جانب سے علاقے کے غریب اور نادار افراد میں راشن تقسیم کئے جانے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں لوگوں کی بڑی تعداد مفت راشن لینے پہنچ گئی ، عوام کا ایسا جم غفیر لگا کے ساری تقریب بدنظمی کا شکار ہو گئی، دھکم پیل میں خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد زخمی ہوگئے۔

تقریب میں شریک لوگوں نے دفعہ 144اور سوشل ڈسٹنس کی دھجیاں بکھیر دیں جبکہ راشن فراہم کرنے والے ایم پی اے ملک نصیر شاہوانی بھی منظر سے غائب ہو گئے۔

گھنٹوں انتظار اور ذلت اٹھانے کے بعد بھی سینکڑوں لوگ بغیر راشن لئے مایوس گھروں کو لوٹ گئے۔