Friday, March 29, 2024

کوئٹہ میں دھماکا، چار افراد جاں بحق، اٹھارہ زخمی

کوئٹہ میں دھماکا، چار افراد جاں بحق، اٹھارہ زخمی
November 25, 2017

کوئٹہ (92 نیوز) سریاب روڈ کوئٹہ پر بس اڈے کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا خودکش حملہ ہے جس میں حملہ آور نے فورسز کی گاڑی کو سریاب پل کے قریب نشانہ بنایا۔

پولیس  کے مطابق حملہ آور پہلے سے ہی سریاب پل پر موجود تھا جو ایف سی کی گاڑی کو آتے دیکھ کر پیدل چلتے ہوئے اس کے قریب گیا اور خودکو دھماکے سے اڑا لیا۔

پولیس کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور اس سے قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں 5 ایف سی اہلکاروں سمیت 19 افراد زخمی بھی ہوئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آور کا نشانہ کمانڈنٹ ایف سی تھے لیکن وہ گاڑی میں موجود نہیں تھے۔ دھماکے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا جب کہ ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور شہید ہونے والوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا۔