Wednesday, May 8, 2024

کوئٹہ میں بلوچی کلچر ڈے کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریبات

کوئٹہ میں بلوچی کلچر ڈے کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریبات
March 2, 2021

کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں بلوچی کلچر ڈے کی مناسبت سے رنگا رنگ تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے شرکاء ثقافتی ملبوسات زیب تن کئے ہوئے تھے۔

دنیا بھر میں آج کے دن کو بلوچ کلچر ڈے کے طورپر منایا جا رہا ہے، کوئٹہ میں بھی اس دن کی مناسبت سے یونیورسٹی آف بلوچستان میں رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ اس موقع پر بڑوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی خوبصورت رنگوں سے مزین بلوچی ملبوسات زیب تن کئے ہوئے تھے۔

تقریب میں ثقافتی دھنوں پر بلوچی رقص”چاپ“ پیش کیا جس نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے۔ تقریب میں جہاں ثقافتی موسیقی نے تڑکا لگایا وہیں دیگر صوبوں کے آئے مہمانوں نے بھی پروگرام کو خوب سراہا۔

دو روزہ بلوچی کلچر ڈے کی تقریبات میں ملک کے دیگر حصوں سے آئے فنکاروں نے بھی پرفامنس دکھا کر شائقین سے خوب داد وصول کی۔

بلوچی کے علاقے ڈیرہ بگٹی میںبھی بلوچی کلچر ڈے کی مناسبت سے سجی تقریب میں بلوچی موسیقی کے سر بکھیرے گئے۔

کوہلو میں بھی بڑی تعداد میں افراد نے بلوچی ثقافتی ملبوسات پہنے بلوچی کلچر ڈے کی تقریبات میں شریک ہوئے۔

تقریب میں شریک افراد کا کہنا تھا کہ زندہ قومیں وہی ہوتی ہیں جو اپنی ثقافت کو زندہ رکھتی ہیں آج کا دن اس عہد کی تجدید کا بھی دن ہے کہ آئندہ آنے والی نسلوں کو اپنی قدیم ثقافت سے روشناس کرایا جائے گا۔