Thursday, April 25, 2024

کوئٹہ ، ایک گھنٹے میں تین دھماکے ، 6پولیس اہلکار شہید

کوئٹہ ، ایک گھنٹے میں تین دھماکے ، 6پولیس اہلکار شہید
April 24, 2018
کوئٹہ ( 92 نیوز ) کوئٹہ میں ایک گھنٹے کے دوران دھماکوں میں 6 پولیس اہلکار شہید ہو گئے ۔ امن کے دشمنوں نے پہلے میاں غنڈی میں ایف سی چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی پھر ایئرپورٹ روڈ پر پولیس وین پر حملہ کیا۔دونوں حملوں کے دوران 6 پولیس اہلکار جام شہادت نوش کر گئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پہلے دو دھماکے میاں غنڈی  کے علاقے میں ہوئے  ،دھماکے خود کش تھے ۔ دونوں خود کش حملہ آور مغربی  بائی پاس پر ایف سی  کی چوکی کو نشانہ بنانا چاہتے تھے  ، ان خود کش دھماکوں میں آٹھ اہلکار زخمی ہو ئے۔ ابھی امدادی کارروائیاں جاری تھیں  ،سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے  میں لے رکھا تھا کہ اسی دوران ایئرپورٹ روڈ پر خودکش دھماکہ ہو گیا  ۔ ڈی آئی جی کوئٹہ  کے مطابق کہ  اس خود کش دھماکے میں چھ پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ سات زخمی ہو گئے ۔ دھماکوں کے بعد سول اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کو طلب کرلیا گیا۔ دھماکوں کے دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دوسری طرف سکیورٹی فورسز اور پولیس نے میاں غنڈی اور ائیرپورٹ کے علاقوں کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا۔