Friday, April 26, 2024

کوئٹہ : صوبائی سیکرٹری خزانہ نے کرپشن کا اعتراف کر لیا‘ مزید گرفتاریاں جلد متوقع

کوئٹہ : صوبائی سیکرٹری خزانہ نے کرپشن کا اعتراف کر لیا‘ مزید گرفتاریاں جلد متوقع
May 8, 2016
کوئٹہ (92نیوز) سابق سیکرٹری خزانہ بلوچستان مشتاق رئیسانی نے کرپشن سے حاصل کردہ رقم کا اعتراف کر لیا۔ کرپشن میں ملوث متعدد افراد کے نام بھی بتا دیے۔ چھٹی کے روز بھی نیب حکام ریکارڈ حاصل کرنے کیلئے محکمہ خزانہ اور لوکل گورنمنٹ کے دفاتر پہنچ گئے۔ نیب ذرائع کے مطابق سابق سیکرٹری خزانہ مشتاق رئیسانی کی گرفتاری کے بعد نیب نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور ملکی تاریخ کی سب سے بڑی کرپشن میں سہولت کاروں کی تلاش اور گرفتاری کے لیے کاروائیاں جاری ہیں۔ سہولت کاروں میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کے اہلکار شامل ہیں۔ نیب ذرائع کے مطابق تحقیقات کے لیے کوئٹہ اور مچھ کے بینکوں سے ریکارڈحاصل کر لیا گیا۔ آئندہ ہفتے کے دوران مزید اہم گرفتاریاں متوقع ہیں۔ دریں اثنا چھٹی ہونے کے باوجود نیب کی تین ٹیمیں محکمہ خزانہ اور لوکل گورنمنٹ کا ریکارڈ لے جانے کیلئے سول سیکرٹریٹ پہنچ گئیں اور ریکارڈ حاصل کر لیا۔ دوسری جانب قائمقام سیکرٹری خزانہ اکبر درانی کے زیر صدارت محکمہ خزانہ کے افسران کا اجلاس ہوا جس میں نیب حکام سے مکمل تعاون اور محکمانہ ریکارڈ مہیا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اکبر درانی کا کہنا تھا کہ بجٹ کی تیاری میں مشتاق رئیسانی کی گرفتاری اثرانداز نہیں ہو گی۔ محکمہ خزانہ کے افسران کو بجٹ کی تیاری کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان سیکرٹریٹ سروسز اور بلوچستان سول سروسز کے افسران نے مشتاق رئیسانی کی گرفتاری کے بعد مشترکہ اجلاس بلا کر صورتحال پر غور کیا۔