Friday, March 29, 2024

کوئٹہ ،سکیورٹی فورسز کا آپریشن ، فائرنگ کےتبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ ،سکیورٹی فورسز کا آپریشن ، فائرنگ کےتبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک
September 1, 2018
کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کا آپریشن ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ تین دہشتگردوں سمیت 11 مشکوک افراد گرفتار کر لیے گئے جن سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع ملنے پر کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں کارروائی کی۔ کارروائی میں کالعدم تنظیم کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر کے مکان سے اسلحہ بر آمد کر لیا۔ سکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی نوشکی کے علاقے خیرانیہ میں کالعدم تنظیم کےخلاف کی ۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے فورسز پر فائرنگ کی۔ جوابی فائرنگ میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔ قبل ازیں سی ٹی ڈی نے گوجرانوالا میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے قریب کارروائی کرتے ہوئے دو مبینہ دہشت گرد گرفتار کر لیے تھے ۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا، جنہوں نے  گوجرانوالا میں عام لوگوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ  بندی کر رکھی تھی۔ دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد بھی ملا ۔ ملزمان نے سی ٹی ڈی کو پنجاب میں ایک اور دہشت گرد گروہ کے بارے میں بھی تفصیلات بتائیں تھیں۔