Wednesday, May 8, 2024

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی

کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں  بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی
August 26, 2020

کوئٹہ ( 92 نیوز) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی، مختلف اضلاع کے دیہاتوں کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ،ہرنائی میں لوگوں نے اپنی آپ کے تحت ریسیوں کی مدد سے گاڑیاں سیلابی پانی سے نکالی ،صوبے کے 9اضلاع میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی ہیں۔

بلوچستان مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہوگئی ،ہرنائی میں شدید بارش اور سیلابی ریلا آنے کے باعث ہرنائی کوئٹہ شاہراہ کھوسٹ کے مقام زیارت کچ کے قریب بند ہوگئی جس کے باعث سینکڑوںگاڑیاں پھنس جانے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا  ہے ۔

لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ریسیوں کی مدد سے ہرنائی کوئٹہ قومی شاہراہ کو عرضی طورپر ٹریفک کےلئے بحال کردیا،مچھ ندی نالوں میں طغیانی کے باعث مچھ کاکوئٹہ اور دیگر علاقوں سے زمینی رابطہ مکمل منقطع جبکہ بی بی نانی پل ایک مرتبہ پھر ٹوٹ جانے اورگیس پائپ لائن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

حب میں بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال سے 400 سے زائد افراد گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ،جنہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کےلئے ریسکیوآپریشن شروع کردیا ہے  ، واشک،بسیمہ ناگ میں طوفانی بارشوں کے باعث متعدد کچے مکانات منہدم ہوگئے  جبکہ پیاز اور کھجور کی تیار فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا۔

خضدار کے علاقے کرخ میں موسلادھار بارش اور سیلابی ریلے سے ایم 8 قومی شاہراہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے ، سبی میں شدید بارشوں کے بعد دریاے ناڑی اور تلی ندی میں اونچے درجے کا سیلابی ریلا ہے ۔ دریائے ناڑی میں 1لاکھ کیوسک ، تلی ندی میں پچاس ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے، تربت کے علاقے کیچ تین افرادسیلابی ریلے میں پھنس گئے ،،پھنسے افراد کو نکالنے کیلئے ہیلی کاپٹرطلب کرلیاہے۔

طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں بجلی سمیت مواصلاتی نظام درہم برہم ہو کررہے گیا ،محکمہ پی ڈی ایم اے نے صوبے کے 9اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو بلا ضرورت سفر نہ کرنے کی ہدایت کردی ،محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکی اور تیز اور بارشوں کا امکان ہے ۔