Thursday, May 9, 2024

کوئٹہ سمیت بلوچستان میں برفباری ،حادثات میں 14افراد جاں بحق

کوئٹہ سمیت بلوچستان میں برفباری ،حادثات میں 14افراد جاں بحق
January 13, 2020
کوئٹہ ( 92 نیوز) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں برفباری اور بارشوں نے تباہی مچادی تین روز سے جاری برفباری کے باعث مختلف حادثات میں14افراد جاں بحق ہو گئے جس کے باعث صوبے کے7اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کرکے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں دو روز سے شدید برفباری اور بارشوں کا راج ہے ، بیشتر اضلاع میں برفباری کے کئی سالہ ریکارڈ ٹوٹ گئے ۔  کوئٹہ میں ڈیڑھ فٹ ،زیارت ،کان مہترزئی،پشین اور قلات میں3فٹ تک برفباری ریکارڈ کی گئی جس سے تمام رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں جبکہ دیگر صوبوں سے رابطہ بھی منقطع ہو گیا،برفباری کے باعث چھتیں گرنے کے واقعات میں 14افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ شدید بارشوں اور برفباری کے باعث صوبے کے سات اضلاع میں ایمرجنسی نافذ کر کے پاک فوج،ایف سی اور پی ڈی ایم اے نے ریسکیو آپریشن شروع کر دیا  ۔بیشتر سیاحتی مقامات پر بھی سیاح پھنس گئے جن کو ریسکیو کرنے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان نے بھی امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا کوئٹہ سمیت بلوچستان میں بارشوں اور برفباری کے باعث فلائیٹ آپریشن بھی بری طرح متاثر ہوا ہے جبکہ گیس ،بجلی اور انٹرنیٹ سروس بھی مختلف علاقوں میں معطل ہے۔