Saturday, April 27, 2024

کوئٹہ سمیت 9شہروں میں خشک سالی کےالرٹس جاری

کوئٹہ سمیت 9شہروں میں خشک سالی کےالرٹس جاری
September 8, 2018
کوئٹہ ( 92 نیوز) بلوچستان میں کوئٹہ سمیت 9شہروں میں بارشوں کی کمی کے باعث خشک سالی کے الرٹس جاری کر دیئے گئے ، بارشوں کی کمی کے باعث بلوچستان میں زیر زمین پانی کی سطح 1200فٹ تک گر چکی ہے۔ پانی زندگی ہے  اس بات سے کسی کو انکار نہیں ہے  تاہم بلوچستان میں بارشوں کی کمی کے باعث زیر زمین پانی کی سطح خطرناک حد کو پہنچ جانے کے باعث کوئٹہ سمیت 9شہروں میں خشک سالی کے الرٹس جاری کردےئے گئے ہیں ۔ ان شہروں میں کوئٹہ ،پنجگور،نوکنڈی،گوادر،پسنی ،اورماڑہ ،دالبندین،تربت اور جیوانی شامل ہیں ، کوئٹہ میں پانی کی یومیہ طلب5کروڑ گیلن ہے جبکہ سپلائی3کروڑ گیلن ہے ، کوئٹہ میں صوبائی حکومت کی جانب سے واٹر ایمرجنسی کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ شہر میں اس وقت واسا اور پی ایچ ای کے سو سے زائد ٹیوب ویل اور فلٹریشن پلانٹ خراب پڑے ہیں جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکرز مافیا کی چاندی ہو چکی ہے اور علاقے میں ایک ٹینکرز پانی کی قیمت 1500 سے 25سو تک پہنچ چکی ہے۔ سابقہ حکومتوں کی غفلت کے باعث نہ ہی صوبے میں 100ڈیمزبن سکے اور نہ ہی کوئٹہ واٹر پروجیکٹ کو پائیہ تکمیل تک پہنچایا جا سکا۔