Friday, April 19, 2024

کوئٹہ : سریاب روڈ پر بس میں دھماکہ‘ گیارہ افراد جاں بحق‘ 23 زخمی

کوئٹہ : سریاب روڈ پر بس میں دھماکہ‘ گیارہ افراد جاں بحق‘ 23 زخمی
October 20, 2015
کوئٹہ (92نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ ایک مرتبہ پھر دہشت گردوں کے نشانے پر آ گیا۔ سریاب روڈ پر بس میں دھماکہ سے گیارہ افراد جاں بحق جبکہ تئیس زخمی ہو گئے۔ دھماکہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ صوبائی حکومت کا جاں بحق ہونے والوں کے ورثاءکے لئے دس، دس لاکھ روپے امداد کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق وادی کوئٹہ ایک بارپھر دھماکے سے گونج اٹھی۔ دہشت گردوں نے مسافر بس کو نشانہ بنا کر گیارہ افراد کی جان لے لی۔ واقعہ میں تئیس مسافر زخمی ہوئے‘ پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔ سریاب جانے والی بس جیسے ہی سریاب روڈ پر دکانی بابا چوک پہنچی تو بس میں زور دار دھماکا ہو گیا۔ دھماکے کے فوری بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو ایدھی ایمبولینس اور نجی گاڑیوں کے ذریعے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق بس میں پانچ سے چھ کلو گرام بارودی مواد نصب تھا جسے ٹائم ڈیوائس کے ذریعے تباہ کیا گیا۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ سیکرٹری داخلہ بلوچستان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد قانون کی گرفت سے بچ نہیں پائیں گے۔ وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کےلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔