Monday, May 13, 2024

کوئٹہ، زیارت سمیت پہاڑی اضلاع میں برفباری، رابطہ سڑکیں بند

کوئٹہ، زیارت سمیت پہاڑی اضلاع میں برفباری، رابطہ سڑکیں بند
January 12, 2020
کوئٹہ (92 نیوز) ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے، چمن، زیارت، ژوب، دیربالا اور دیگر علاقوں میں رابطہ سڑکیں بند جبکہ گلگت بلتستان سے جانے اور آنے والی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں برفباری سے ہر شے سفید چاندی میں چھپ گئی، متعدد اضلاع میں برفباری سے راستے بند ہو چکے ہیں، ژوب، ہرنائی، زیارت، ماشکیل میں بھی سڑکیں بند ہیں۔ زیارت سے مختلف علاقوں کو جانیوالی سڑکوں پر برف ہے، مارکیٹیں اور ہوٹل بھی بند ہیں، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ برفباری کے باعث پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر رکھا ہے، امدادی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ کوئٹہ کے کچھ علاقوں میں منچلوں نے شدید برفباری میں بھی تفریح کا سامان ڈھونڈ لیا ہے، ایک دوسرے پر برف پھینک کر لطف اندوز ہورہے ہیں۔ قلات میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، چمن، واشک، ماشکیل میں بارش نے جل تھل کردیا، بسیمہ میں ندی نالوں میں تغیانی کے خدشے کے باعث امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں۔ ملک کے شمالی علاقے بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، گلگت بلتستان میں برفباری نے معمولات زندگی متاثر کر رکھے ہیں، موسم کی خرابی کے باعث گلگت بلتستان سے اندرون ملک آنے اور جانے والی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ ادھر دیر بالا میں بھی برفباری نے لوگوں کو گھروں میں محصور کر رکھا ہے، اسکردو میں درجہ حرارت منفی دس سے بھی نیچے گر گیا، سوات، کلام، مالم جبہ اور مری میں بھی برفباری جاری ہے، محکمہ موسمیات نے مزید برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔