Thursday, March 28, 2024

کوئٹہ: زرغون روڈ چرچ پر حملہ، 9افراد جاں بحق، 35 زخمی

کوئٹہ: زرغون روڈ چرچ پر حملہ، 9افراد جاں بحق، 35 زخمی
December 17, 2017

کوئٹہ ( 92 نیوز ) امن دشمنوں نے کوئٹہ کو ایک بار پھر خون میں نہلا دیا ۔
کوئٹہ (92 نیوز) امن دشمنوں نے کوئٹہ کو ایک بار پھر خون میں نہلا دیا۔ اس مرتبہ نشانہ اقلیتی برادری بنی۔
دہشتگردوں نے کرسمس سے قبل کرسمس کی خوشیاں تار تار کرنے کی کوشش کرتے ہوئے زرغون روڈ پر واقع چرچ پر حملہ کر دیا۔ فائرنگ کے بعد ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
دہشتگردی کے واقعے میں 9 قیمتی جانیں چلی گئیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
حملہ اس وقت کیا گیا جب چرچ میں مذہبی عبادات کا سلسلہ جاری تھا۔
حملہ آور نے گرجا گھر کے مرکزی ہال میں اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔ اسی دوران دوسرے حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
دھماکے کے بعد ہر طرف چیخ و پکار کی آوزیں سنائی دینے لگیں۔
لوگ جانیں بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے۔
دوسری طرف سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
حملے کے بعد شہر بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دہشتگردوں کی تعداد چار تھی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ایک کو حملہ آور کو مار گرایا جبکہ دوسرے نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دہشتگردی کے اس اندوہناک واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد بزدلانہ کارروائیوں سے پاکستانی قوم اور فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایک دم گولیوں کی تڑتڑاہٹ کے بعد دھماکے کی آواز آئی اور ہر طرف چیخ وپکار پھیل گئی ۔ بچے بھی انتہائی سہمے ہوئے نظر آئے ۔
عینی شاہد خواتین کا کہنا تھا کہ ایک دم گولیوں اور دھماکے کی آواز سنائی دی اور پھر ہر طرف زخمی دکھائی دئیے ۔ ایک خاتون خود پر ضبط نہ رکھ پائی اور روتے ہوئے کہا کہ چرچ کی حفاظت کیلئے سبھی دعا کریں ۔
ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ زوردار دھماکے کے بعد ہر طرف چیخ وپکار اور شور شرابا پھیل گیا ۔
المناک حادثے کو بچوں نے بھی اپنی آنکھوں سے دیکھا اور خاصے ڈرے اور سہمے ہوئے دکھائی دیئے ۔ روتے ہوئے بچوں کا کہنا تھا کہ چرچ میں بم پھٹ گیا اور پھر قیامت صغریٰ برپا ہوگئی ۔
کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات کوئی نئی بات نہیں لیکن کرسمس سے قبل مسیحی برداری کی عبادت گاہ پر حملہ اس بات کا غماز ہےکہ امن کے دشمنوں کا کوئی مذہب نہیں۔