Friday, April 19, 2024

کوئٹہ دھماکہ بلوچستان اسمبلی سے چند قدم کے فاصلے پر ہوا

کوئٹہ دھماکہ بلوچستان اسمبلی سے چند قدم کے فاصلے پر ہوا
January 9, 2018

کوئٹہ ( 92 نیوز ) کوئٹہ میں دھماکا بلوچستان اسمبلی سے چند قدم کے فاصلے پر ہوا ۔ میڈیا کے نمائندے اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہونے پر لائیو کوریج کررہے تھے کہ اچانک زمین لرز گئی ۔ 92 نیوز کے رپورٹربھی خوفزدہ ہو گئے مگر مناظر کیمرے نے قید کرلیے ۔

سیاسی بحران تھمتے ہی دہشت گردوں نے وار کردیا ۔ بلوچستان اسمبلی  کا اجلاس ملتوی ہونے کے کچھ ہی دیر بعد خود کش حملہ آور نے موٹر سائیکل بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک سے ٹکرا دی۔

جی پی او چوک کوئٹہ اچانک زور دار دھماکے سے لرز اٹھا ۔ دھماکے سے کچھ دیر قبل  نمائندہ 92 نیوز اپنی صحافتی ذمے داریاں نبھانے کے لئے وہاں موجود تھے کہ اچانک  منظر نامہ ہی  بدل گیا ۔

  دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ۔قریبی عمارتوں  اور گاڑیوں کے شیشےٹوٹ گئے جبکہ  گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ۔ گویا کہ ہر طرف خوف و ہراس پھیل گیا ۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق حملہ آور موٹر سائیکل سوار اسمبلی کی طرف جانا چاہتا تھا سخت سکیورٹی کی وجہ سے اپنے مقصد میں ناکامی پر اپنی موٹر سائیکل سکیورٹی اہلکاروں کے کھڑے ٹرک سے ٹکرا دی ۔ دھماکے کے لئے 15 سے 20 کلو مواد استعمال کیا گیا ۔

دھماکے کی خبر پل بھر میں پھیل گئی ۔ سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچیں اور زخمیوں کو سول  اسپتال منتقل کیا گیا  جبکہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی۔