Monday, September 16, 2024

کوئٹہ حملہ سکیورٹی ایجنسیوں کی ناکامی، ”را“ پر الزام سے کام نہیں چلے گا : اچکزئی

کوئٹہ حملہ سکیورٹی ایجنسیوں کی ناکامی، ”را“ پر الزام سے کام نہیں چلے گا : اچکزئی
August 9, 2016
کوئٹہ (92نیوز) قومی اسمبلی نے سانحہ کوئٹہ کےخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ محمود خان اچکزئی ”را“ کی زبان بولنے لگے۔ کہتے ہیں ہمسایہ ملک کی ایجنسی پر الزام لگانے سے کام نہیں چلے گا۔ وکلاءپر حملہ خفیہ اداروں کی ناکامی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں وفاقی وزیر زاہد حامد نے کوئٹہ دھماکے پر مذمتی قرارداد پیش کی۔ اس موقع پر محمود خان اچکزئی حکومت اورسکیورٹی اداروں پر ہی برس پڑے اور بھارت کی خفیہ ایجنسی ”را“ کی زبان بولنے سے بھی نہیں ہچکچائے۔ انہوں نے کہا کہ ”را“ پر الزام دینے سے کام نہیں چلے گا۔ وکلاءپر حملہ ہمارے اداروں کی ناکامی ہے۔ کوئٹہ پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے۔ ملک میں حالت جنگ ڈکلیئرکی جائے۔ ہم کرائے کے قاتل نہیں۔ فیصلہ کیا جائے کہ کسی کی پراکسی وار نہیں لڑی جائیگی۔ ہمارے دونوں شریف صاحبان الگ الگ کوئٹہ گئے۔ ہم دنیا کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ایجنسیاں گدلے پانی سے سوئی ڈھونڈ سکتی ہیں۔ وزیر اعظم انٹیلی جنس ایجنسیوں کو سانحہ کوئٹہ کی انکوائری کا ٹاسک دیں اورنتائج نہ دینے پر متعلقہ افسران کو برطرف کر دیں۔ محمود اچکزئی نے یہ بھی کہہ ڈالا کہ وہ آج کے بعد ایوان میں فاتحہ خوانی نہیں کریں گے۔ کیا ایوان اسی کام کے لیے رہ گیا ہے ؟