Monday, September 16, 2024

کوئٹہ: بزدل دہشتگردوں کا سکیورٹی فورسز پر خودکش حملہ، پانچ سالہ بچی، خاتون سمیت گیارہ افراد جاں بحق، نائنٹی ٹو نیوز کو فوٹیج موصول

کوئٹہ: بزدل دہشتگردوں کا سکیورٹی فورسز پر خودکش حملہ، پانچ سالہ بچی، خاتون سمیت گیارہ افراد جاں بحق، نائنٹی ٹو نیوز کو فوٹیج موصول
February 7, 2016
کوئٹہ (نائنٹی ٹو نیوز) کوئٹہ میں بزدل دہشت گردوں نےایک بار پھر سیکورٹی فورسز پر وار کیا ہے۔ ضلع کچہری کے سامنے سیکورٹی فورسز کے قافلے کے قریب خودکش دھماکے سے پانچ سالہ بچی، خاتون اور سیکورٹی اہلکاروں سمیت گیارہ افراد جاں بحق جبکہ تیس سے زائد زخمی ہو گئے۔ نائنٹی ٹو نیوز نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی۔ کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز کے قافلے کو خودکش حملہ آور نے اس وقت نشانہ بنایا جب سیکورٹی فورسز کی گاڑیاں ضلع کچہری کے قریب سے گزر رہی تھیں۔ 92نیوز کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں حملہ آور نے سائیکل پر کولر رکھ کر سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔ زوردار دھماکے سے پورا شہر گونج اٹھا، ہر طرف افراتفری پھیل گئی۔ خودکش دھماکے کے نتیجے میں ایک بچی، خاتون اور تین سکیورٹی اہلکاروں سمیت 9افراد جاں بحق جبکہ 35زخمی ہوئے۔ آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 10 سے 12کلوگرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔ دھماکے سے کچہری اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ ترجمان حکومت بلوچستان انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں فورسز کے کامیاب آپریشنز کا ردعمل ہے۔ دھماکے کے بعد پورے شہر کی فضاء سوگوار ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے شہداء کے لواحقین کے لئے 10لاکھ، شدید زخمیوں کے لئے 5لاکھ جبکہ معمولی زخمیوں کے لئے 1لاکھ روپے کا اعلان کیا ہے۔