Friday, March 29, 2024

کوئٹہ: بروری روڈ پر بم دھماکا، چوکیدار جاں بحق، مؤثر سکیورٹی پلان کی وجہ سے دہشتگرد کامیاب نہیں ہو سکے: سیکرٹری داخلہ بلوچستان

کوئٹہ: بروری روڈ پر بم دھماکا، چوکیدار جاں بحق، مؤثر سکیورٹی پلان کی وجہ سے دہشتگرد کامیاب نہیں ہو سکے: سیکرٹری داخلہ بلوچستان
July 18, 2015
کوئٹہ (نائنٹی ٹو نیوز) کوئٹہ میں بروری روڈ کے قریب دھماکے میں ایک چوکیدار جاں بحق اور چار افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے حملہ آور نے ہزارہ ٹاؤن میں داخلے سے روکنے پر خود کو اڑا لیا۔ کوئٹہ کے علاقے بروری روڈ پر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کے سامنے واقع ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی میں برقعہ پہنے خودکش حملہ آور نے داخل ہونے کی کوشش کی جس پر وہاں موجود چوکیدار نے اسے روکا تو خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں چوکیدار جاں بحق اور چار افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے فوری بعد پولیس، ایف سی اور دیگر سکیورٹی فورسز کے اہلکار اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ اس موقع پرسیکرٹری داخلہ بلوچستان اکبر حسین درانی نے میڈیا سے گفتگو کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ عید کے موقع پر مؤثر سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے جس کی وجہ سے دہشت گرد اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف نبرد آزما ہیں اور صوبے میں قیام امن کو یقینی بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ بلوچستان میں دہشت گردی ایک چیلنج ہے جس کا مقابلہ کر رہے ہیں۔