Wednesday, April 24, 2024

کوئٹہ : ایک اور مریض میں کانگو وائرس کی تصدیق‘ متاثرہ افراد کی تعداد 29 ہو گئی

کوئٹہ : ایک اور مریض میں کانگو وائرس کی تصدیق‘ متاثرہ افراد کی تعداد 29 ہو گئی
September 11, 2016
کوئٹہ (92نیوز) کوئٹہ کے فاطمہ جناح ہسپتال میں زیر علاج مریضہ میں کانگو وائرس کی تشخیص ہو گئی جبکہ ڈھاڈر سے تعلق رکھنے والے ایک اور شخص کو کانگو وائرس کے شبے میں ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشہ دو روز سے کوئٹہ کے فاطمہ جناح ہسپتال میں زیر علاج رئیسانی روڈ کی رہائشی صائمہ بی بی میں کانگو وائرس کی تصدیق ہو گئی جس کے بعد بلوچستان میں رواں سال کانگو وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 29 ہو گئی۔ صائمہ بی بی کو تین روز قبل ناک اور منہ سے خون آنے کی شکایت پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور انکے خون کے نمونے ٹیسٹ کیلئے کراچی بھجوائے گئے تھے۔ دوسری جانب ڈھاڈر سے کانگو وائرس کے شبے میں ایک اور شخص کو فاطمہ جناح ہسپتال کے وبائی امراض وارڈ میں داخل کر دیا گیا جس کے بعد کانگو وائرس کے شبے میں لائے گئے مریضوں کی تعداد104ہو گئی۔ واضح رہے کہ رواں سال کانگو وائرس کے وار نے بلوچستان میںخاتون سمیت 10 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے کانگو سے بچاو اسپرے کے دعوے محض دعوے ثابت ہو رہے ہیں اور کانگو وائرس تیزی سے بلوچستان میں پھیلتا جا رہا ہے۔