Sunday, September 8, 2024

کوئٹہ : پولیو مرکز کے قریب خودکش دھماکا‘ 15 سکیورٹی اہلکار شہید

کوئٹہ : پولیو مرکز کے قریب خودکش دھماکا‘ 15 سکیورٹی اہلکار شہید
January 13, 2016
کوئٹہ (92نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں ایک راہگیر سمیت 15 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سیٹلایٹ ٹاون میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا۔ خودکش حملہ آور نے دھماکے میں8 کلو بارودی مواد استعمال کیا جبکہ جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا سر اور دیگر اعضاءبھی مل گئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 13پولیس اہلکار، ایک ایف سی اہلکار اور راہگیر شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دھماکا کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاﺅن میں انسداد پولیو سنٹر کے قریب ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا اس قدر زوردار تھا کہ قریبی گاڑیوں‘ دکانوں اور دفاتر کے شیشے ٹوٹ گئے۔ دھماکے کے فوری بعد امدادی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ ایدھی ذرائع کے مطابق 8 افراد زخمی ہیں۔ دھماکے کے فوری بعد سیٹلائٹ ٹاﺅن میں شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔ صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دھماکا خودکش ہو سکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دھماکے کی نوعیت کی ابھی تحقیقات جاری ہیں‘ ہم شہداءکے لواحقین کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔ ہم حالت جنگ سے گزر رہے ہیں اس لئے ایسے واقعات ہو جاتے ہیں‘ ہم نے بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا سکیورٹی کی وجہ سے کافی بچت ہو گئی ورنہ دھماکا اندر بھی ہو سکتا تھا اور زیادہ جانی نقصان ہو سکتا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثار نے بھی دھماکے کی مذمت کی اور شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ ڈی آئی جی بلوچستان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 14 افراد شہید ہوئے ہیں۔ پولیس نے جان کا نذرانہ پیش کر کے زیادہ نقصان سے بچایا ہے۔ ترجمان نیشنل پارٹی نے سیٹلائٹ ٹاﺅن میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا انسانیت کے تحفظ کی ٹیموں پر حملہ بدترین دہشت گردی ہے‘ پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کو یقینی بنا یا جائے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہر ی نے بھی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان بلوچستان حکومت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے امن وامان کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلا س طلب کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہداءکیلئے 10لاکھ‘ زخمیوں کے لیے 5لاکھ اور معمولی زخمیوں کے لیے 50 ہزار روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔