Saturday, April 27, 2024

کوئٹہ ،آرمی چیف نے پنج پائی کے مقام پر باڑ کی تنصیب کا افتتاح کر دیا

کوئٹہ ،آرمی چیف نے پنج پائی کے مقام پر باڑ کی تنصیب کا افتتاح کر دیا
May 8, 2018
کوئٹہ ( 92 نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے بلوچستان کا دورہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پنج پائی کے مقام پر باڑ کی تنصیب کا افتتاح کر دیا۔آرمی چیف نے مقامی افراد اور قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار نے کہا کہ سب کو آئینی  حدود میں  رہنا چاہیے،سب پر لازم ہے ملکی قوانین کی پابندی کریں  ۔ پاکستان نے دہشت گردی کو مسترد کیا  ،قوم اور پاک فوج کی بے مثال قربانیوں کے نتیجے میں ملک میں امن قائم ہوا ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واضح کہا کہ بلوچستان کے  مکینوں کو یکساں زندگی گزارنے کا حق حاصل  ہے،  کسی کوٹے یا خصوصی انتظامات کی ضرورت نہیں  ، باڑ کی تنصیب سے دہشتگردوں کی سرحدی نقل و حرکت کو روکا جا سکے گا، سرحد پر اقتصادی سرگرمیوں، قانونی آمد و رفت کو مستند گزرگاہوں سے یقینی بنایا جائے گا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سوشل میڈیا  کے ذریعےنوجوانوں کو ٹارگٹ کرنا ففتھ جنریشن وار ہے،نفرت پھیلانے والے عناصر سے بچنا چاہیے،ہمیں مشترکہ طور پر شدت پسندی کو رد کرنا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے 5 سال  سے زیر التوا کوئٹہ سیف سٹی منصوبے کا بھی افتتاح کیا جبکہ اس سے پہلے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے نسٹ یونیورسٹی کوئٹہ کیمپس کا سنگ بنیاد رکھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق  یونیورسٹی کیمپس کی تعمیر پر 2 ارب 63 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ اس سے پہلے آرمی چیف نے کوئٹہ کی جامعات کے طلبا و طالبات سے ملاقات بھی کی ،آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج  ، حکومت کو تعلیم، صحت اور  توانائی کے منصوبوں پر مکمل معاونت کرے گی۔