Thursday, April 25, 2024

مکران نیشل ہائی وے پر 14افراد کو بسوں سے اتار کر قتل کر دیاگیا

مکران نیشل ہائی وے پر 14افراد کو بسوں سے اتار کر قتل کر دیاگیا
April 18, 2019

کوئٹہ ( 92 نیوز ) کوئٹہ کی مکران کوسٹل ہائی وے پر نامعلوم افراد نے شناختی کارڈ ز دیکھنے کے بعد 14 افراد کو بسوں سے اتار کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

امن دشمنوں کا بلوچستان پر ایک اور وار، ہزار گنجی سبزی منڈی میں دھماکے کے بعد مکران میں بزدل دہشت گردوں نے نہتے اور معصوم لوگوں کے خون سے ہاتھ رنگے۔

ذرائع کے مطابق مکران کوسٹل ہائی وے پردہشت گردوں نے مسافر بسوں پر حملہ کیا، سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے بسوں سے اتار کر 14افراد کو قتل کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق 20 سے 25 حملہ آوروں نے رات ایک بجے کے قریب بسوں کو نشانہ بنایا، بسیں کراچی سے گوادر اور گوادر سے کراچی جارہی تھیں۔

  حملہ آوروں نے 5 مختلف بسوں سے مسافروں کو اتار کر شناختی کارڈ دیکھ کر قتل کیا، دہشت گردوں نے تمام افراد کو باندھ کر گولیاں ماریں، حملوں میں دو افراد جان بچانے میں کامیاب ہو گئےجنہوں نے قریبی لیوی چیک پوسٹ پر واقعہ سے متعلق آگاہ کیا۔

مسلح افراد لاشوں کو نور بخش ہوٹل کے قریب پھینک کر فرار ہو گئے، مارے جانیوالے افراد کا تعلق سندھ اور پنجاب کے مختلف شہروں سے ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا،لاشوں کو اورماڑہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا لانگو نے نوٹس لیتے ہوئے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت  ہماری ذمہ داری ہے،ملزمان کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔