Friday, April 26, 2024

کنگز نے دفاعی چیمپئن یونائیٹڈ کو گھر کی راہ دکھا دی

کنگز نے دفاعی چیمپئن یونائیٹڈ کو گھر کی راہ دکھا دی
March 2, 2017

شارجہ (ویب ڈیسک) کراچی کنگز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو پاکستان سپر لیگ سے باہر کر دیا۔ دوسرے کوالیفائر میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو چوالیس رنز سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم فائنل کی ریس کیلئے کل پشاور زلمی سے مقابلہ کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق لواسکورنگ میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر نکال دیا۔ ایک سو ستائیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈز خزاں کے پتوں کی طرح بکھر گئے۔ پوری ٹیم صرف بیاسی رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے صرف دو کھلاڑی ہی ڈبل فگر میں داخل ہو سکے۔ آصف علی انتالیس رنز بنا کر میچ کے ٹاپ اسکورر رہے لیکن ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ اسمتھ اور واٹسن آٹھ، آٹھ، عماد بٹ سات، پُورن اور شاداب خان صرف ایک ایک اسکور بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ہیڈن، سمیع اور رومان رئیس نے کھاتہ کھولنے کی زحمت ہی نہیں کی۔ کراچی کے محمد عامر، عماد وسیم اور اسامہ میر نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

کراچی نے مصباح الحق کی دعوت پر ایک سو چھبیس رنز بنائے۔ بابراعظم اور شعیب ملک نے پچیس، پچیس رنز کی اننگز کھیلی۔ گیل اور سنگاکارا نے سترہ، سترہ رنز بنائے۔ کنگز نے ایک سو چھبیس رنز کا ہدف دیا لیکن باؤلرز نے کامیاب دفاع کیا۔

دوسرا کوالیفائر اپنے نام کرنے والی کراچی کنگز اب تیسرے کوالیفائر میں پشاور زلمی سے نبرد آزماہو گی۔ جیتنےوالی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف لاہور میں فائنل کھیلے گی۔