Friday, March 29, 2024

کنٹینر والوں نے جھوٹ بول کر عوام کے سات ماہ ضائع کر دیئے، نیا پاکستان بنانے والے پہلے نیا خیبرپختونخواہ بنا لیں: حمزہ شہباز شریف

کنٹینر والوں نے جھوٹ بول کر عوام کے سات ماہ ضائع کر دیئے، نیا پاکستان بنانے والے پہلے نیا خیبرپختونخواہ بنا لیں: حمزہ شہباز شریف
June 5, 2015
منڈی بہاؤالدین (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان دھاندلی دھاندلی کرتے تھے اب تو جوڈیشل کمیشن بھی بن گیا اس کے باوجود ثبوت پیش نہیں ہو سکے۔ منڈی بہائوالدین میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے جلسہ عام کے دوران حمزہ شہباز شریف نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سات ماہ کنٹینر والوں نے عوام سے جھوٹ بول کر ضائع کیے۔ عمران خان دھاندلی دھاندلی کرتے تھے اب تو جوڈیشل کمیشن بھی بن گیا ہے اس کے باوجود وہ دھاندلی کے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے والے نیا پاکستان بنانے کا کہتے تھے لیکن ابھی تک نیا خیبر پختونخواہ بھی نہیں بنا سکے۔ میڈیا پر آکر کہتے ہیں ہم نے پولیس کے نظام کو بہتر بنا دیا ہے۔ کے پی کے انتخابات میں کھلے عام دھاندلی ہوئی ہے جو کہ ایک بہت بڑا سوال ہے۔ اے این پی رہنما میاں افتخار کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں کیا یہ کھلی دھاندلی نہیں ہے۔ بجٹ دو ہزار پندرہ سولہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ کسانوں کے لیے خوشخبری لے کر آیا ہے۔ بجٹ میں تیس ہزار سولر ٹیوب ویل کا تحفہ عوام کو دیا جا رہا ہے جبکہ پانچ ہزار کھالوں کو پکا کرنے کا منصوبہ بھی حکومت لا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو ہزار اٹھارہ میں جب الیکشن ہوں گے تب تک بجلی کی کمی پوری ہو چکی ہو گی۔ آپریشن ضرب عضب بارے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن کا خیال پہلے کسی کو کیوں نہیں آیا۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دریں اثناٗ پنڈی میٹرو بس کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو ہزار چودہ میں میٹرو بس کی بنیاد رکھی تھی اور آج دو ہزار پندرہ میں ہم نے میٹرو بس چلا دی ہے جو کہ حکومت کی طرف سے راولپنڈی کی عوام کیلئے ایک تحفہ ہے۔