Sunday, September 8, 2024

کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں عوام نے کنٹینر پر بولے گئے جھوٹ کا پردہ چاک کر دیا:پرویزرشید

کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں عوام نے کنٹینر پر بولے گئے جھوٹ کا پردہ چاک کر دیا:پرویزرشید
April 26, 2015
اسلام آباد(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کہتے ہیں کہ عوام نے جنرل کیانی، افتخار چودھری، فخر الدین ابراہیم اور نجم سیٹھی کی غیر موجودگی میں بھی کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں بھی  وہی فیصلہ دیا جو عام انتخابات میں دیا تھا۔ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے اسلام آباد میں نیشنل بک فیئر کی اختتامی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں عوام نے کنٹینر پر بولے گئے جھوٹ کا پردہ چاک کر دیا، عمران خان نے پونے دو سال تک عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، جس پر اُنہیں معافی مانگنی چاہیے اور اُن لوگوں کے نام بھی بتانا چاہئیں جنہوں نے اُنہیں بہکایا۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان جس حلقے کو کھولنے کی رٹ لگائے ہوئے تھے اُسی حلقے کے عوام نے کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں شیر پر مہر لگا کر کنٹینر پر بجائی گئی ڈگڈی کو غلط ثابت کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملے کرنے پر بھی معافی مانگنی چاہیے واضح رہے کہ  تحریک انصاف کے چیئرمین گزشتہ دو برسوں سے دو ہزار تیرہ میں ہونے والے عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف آواز اُٹھا رہے تھےتاہم کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں حکمران جماعت مسلم لیگ نون نے کامیابی حاصل کرلی جس پر وفاقی وزیر پرویز رشید نے عمران خان کے دھاندلی کے دعوؤں کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔