Tuesday, April 23, 2024

کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن، تحریک انصاف 63 نشستیں جیت کر سرفہرست

کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن، تحریک انصاف 63 نشستیں جیت کر سرفہرست
September 13, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) کنٹونمنٹ بورڈز الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف 63 نشستیں جیت کر سرفہرست ہے۔

غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق نون لیگ 55 اور پیپلزپارٹی 17 وارڈز میں کامیاب ہے۔ ایم کیو ایم 10، آزاد امیدوار 49 وارڈز میں جیت چکے۔

کراچی کنٹونمنٹ بورڈ الیکشن میں فیصل کینٹ بورڈ کی 6 نشستیں پی ٹی آئی جیت گئی۔ ایک ایک نشست نون لیگ، پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور آزاد امیدوار کو ملی۔

ملیر بورڈ کی پانچ نشستیں تحریک انصاف نے جیت لیں۔ دو دو پر جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی، ایک پر آزاد امیدوار کامیاب رہے۔

کورنگی بورڈ کی دو نشستیں نون لیگ کے نام رہیں، پی ٹی آئی، پی پی پی اور ایم کیو ایم نے ایک ایک جیتی۔ کراچی کنٹونمنٹ بورڈ کی دو سیٹوں پر ایم کیو ایم، ایک پر آزاد امیدوار کامیاب رہا۔ منوڑہ بورڈ کی دونوں سیٹیں پیپلزپارٹی لے گئی۔

لاہور کے کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں مسلم لیگ ن نے حکمران جماعت کو شکت دیکر 15 سیٹیں اپنے نام کر لیں۔ غیر حمتی غیر سرکاری نتائج کے مطابق حکومتی جماعت صرف 03 سیٹوں پر جیت سکی جبکہ ایک سیٹ پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا۔

بلوچستان کے 3 کنٹونمنٹ بورڈز کی 9 نشستوں کے مکمل غیرحتمی غیرسرکاری نتائج موصول ہوئے ہیں، غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق ژوب اور لورالائی کی چاروں نشستوں پر بلوچستان عوامی پارٹی کامیاب ہے۔ کوئٹہ کی5  نشستوں میں سے تحریک انصاف نے 3 اور 2 آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ کوئٹہ سے بلوچستان عوامی پارٹی ایک نشست بھی جیتنے میں کامیاب نہ ہوئی۔

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام 10 وارڈز کے غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق راولپنڈی سے مسلم لیگ ن 7 نشستوں پر کامیاب رہی۔ دو نشستوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے، ایک نشست پر الیکشن ملتوی ہوا۔

کنٹونمنٹ بورڈ بہاولپورالیکشن کےغیرحتمی، غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ 3  اور تحریک انصاف2  سیٹوں پر کامیاب ٹھہری، وارڈ نمبر ایک سے پی ٹی آئی کے امیدوار ریحان بن جاوید 681 ووٹوں سے کامیاب قرار پائے۔ وارڈ 2 سے ن لیگ کےعبدالمالک نے 242 ووٹ لے کر کامیابی سمیٹی۔ وارڈ 3 سے تحریک انصاف کے اختر چوہان کامیاب قرار پائے ہیں۔ وارڈ4 سے ن لیگ کے محمد علی شاہ 1028 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے ہیں۔ وارڈ5  سے ن لیگ کےعبدالخالق نے 1458 ووٹوں کے ساتھ کامیابی سمیٹی ہے۔

کنٹونمنٹ بورڈ اوکاڑہ کے پانچوں وارڈز کے مکمل غیرسرکاری غیرحتمی نتائج کے مطابق اوکاڑہ کے 4 وارڈز میں آزاد، ایک میں تحریک انصاف کامیاب ہوئی۔ اوکاڑہ سے مسلم لیگ ن ایک سیٹ بھی نہ جیت سکی۔